" فراڈیا زیادہ دیر ٹھہر نہیں سکتا، ہماری منزل جمہوری ہے"

گوجرانوالہ: (کوہ نور نیوز) پی ڈی ایم جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف نے کہا کہ تم نے پاکستان کے عوام کو اتنی مشکلات سے دوچار کردیا ہے کہ تمہیں حکومت میں مزید رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ پی ڈی ایم میدان عمل میں نکلا ہے، گوجرانوالہ سے یہ سفر شروع ہوا ہے، فراڈیا زیادہ دیر ٹھہر نہیں سکتا، اس کو جانا پڑے گا، ہم سب نے مل کر اس کو بھیجنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساری جماعتوں نے ایک ہی نعرہ لگایا ہے کہ " پاکستان کو بچانا ہے ، عمران خان کو بھگانا ہے"۔ پاکستان کے عوام کی حکومت لانی ہے۔ ہم میں اختلافات ہوں گے لیکن آج نواز شریف، آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز سمیت سب کی ایک زبان ہے کہ ہماری منزل جمہوری ہے، جمہوریت کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ راجا پرویز اشرف نے کہا کہ بہت جلد نیا سویرا طلوع ہوگا ، ان لوگوں کو انتباہ کر رہا ہوں کہ اتنا ظلم کرو جتنا سہہ سکو، پاکستان کے عوام تمہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔