اپوزیشن جماعتوں کا بائیکاٹ، گلگت بلتستان انتخابات کے حوالے سے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ملتوی

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) گلگت بلتستان میں انتخابات کے حوالے سے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی نے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمانی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس پیر کے روز طلب کیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کو انتخابی امور میں مداخلت کا اختیار نہیں، گلگت بلتستان حساس قومی معاملہ اور کشمیر کاز سے جڑا ہے۔ حکومت اسے اپنی سیاست کی بھینٹ نہ چڑھائے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے کہا تھا کہ سپیکر قومی اسمبلی کو گلگت بلتستان پر پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس بلانے کا اختیار نہیں ہے۔ ایک روز پہلے بلاول بھٹو نے ٹویٹ میں کہا تھا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات سے سپیکر قومی اسمبلی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کے عمل میں رکاوٹ سے گریز کرے۔