ایم کیو ایم فاشسٹ تنظیم اور بانی سے لاتعلقی صرف ڈراما ہے: سعید غنی

کراچی: (کوہ نور نیوز) سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ماضی میں جیسی سیاست کر رہی تھی، اُسی کو آگے بڑھا رہی ہے، لوگوں کو مارنے ڈرانے دھمکانے کی سیاست ایم کیو ایم رہنماؤں میں بسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم فاشسٹ تنظیم ہے اور ایم کیو ایم کا اپنے بانی سے لاتعلقی صرف ڈراما ہے، عامر خان اور خالد مقبول صدیقی بھی بانی ایم کیو ایم جیسے ہیں۔ ایم کیو ایم کے جلسے کے حوالے سے سعید غنی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ماضی سے قتل وغارت کی سیاست کرتی آئی ہے، گزشتہ روز بڑی مشکل سے چند ہزار لوگ جمع کیے۔ ان کا کہنا ہے کہ چینی اور آٹے کی قلت کی ذمہ دار پی ٹی آئی حکومت ہے اور اب وزیراعظم نے بھی کہہ دیا ہے چند روز گیس کی قلت مزید شدت اختیار کرے گی، اِس نااہل حکومت سے کوئی اچھی امید نہیں۔ دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان کا سعید غنی کے بیان پر ردعمل میں کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے وطن کی حرمت کے لیے بانی متحدہ سے لاتعلقی کا اعلان کیا، سعیدغنی بتائیں گے کہ الذوالفقار تنظیم سے پیپلز پارٹی نے لاتعلقی کا اعلان کیا بلکہ آج بھی الذوالفقار سے وابستہ لوگ پیپلز پا رٹی کا حصہ ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روزکراچی کے حقوق اور تعمیر کے لیے ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی مارچ کے نام سے ریلی نکالی تھی جس سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ شہری سندھ صوبہ یا جنوبی صوبہ سندھ ہی کراچی کے مسائل کا حل ہے۔