بھارت میں 11پاکستانی ہندووں کی موت پربھارتی ہائی کمیشن کےسامنےاحتجاج کرنےدیاجائے: رمیش کمار

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) اسلام آباد میں پاکستانی ہندووں کے قتل کیخلاف ہندو برادری کے احتجاج کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیش کمار نے کہا کہ بھارتی ہائی کمیشن جودھ پور میں 11 پاکستانی ہندووں کی پراسرار موت کے واقعہ کی ایف آئی آر کی کاپی فراہم کرے۔ بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے مقدمے کی کاپی فراہم نہ کرنے تک ہم یہاں سے نہیں ہٹیں گے۔ رہنما ہندو کونسل رمیش کمار نے کہا کہ ہم اس معاملے کو ہر سطح پر اٹھائیں گے۔ ہم 11 پاکستانی ہندووں کے خون کا حساب لینے آئے ہیں۔ ہم ڈپلومیٹک انکلیو کے اندر بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے دھرنا دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام مظاہرین اندر نہیں جائیں گے صرف چند لوگ جائیں گے۔ میں چند لوگوں کےساتھ ڈپلومیٹک انکلیو کے اندر داخل ہوں گا۔ مظاہرین چاہتے ہیں کہ بھارتی ہائی کمیشن کو اس معاملے کا پتا چلے۔ انتظامیہ سے درخواست ہے ہمیں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے جانے دیا جائے۔