سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 64.14 پوائنٹس کی مندی

کراچی: (کوہ نور نیوز) رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد ایک مرتبہ پھر مندی ریکاڈ کی گئی، 100 انڈیکس 64.14 پوائنٹس گر گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں موٹروے زیادتی کیس کے بعد غیر یقینی صورتحال چھائی ہوئی ہے، جس کے باعث سرمایہ کار ٹریڈنگ دیکھو اورانتظار کرو کی پالیسی پر عمل کر رہے ہیں۔ رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، صبح دس بجے کے قریب انڈیکس 116.93 پوائنٹس کی تیزی کے باعث 42463.35 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا جو پورے کاروباری روز کے دوران تیزی کے باعث 42544.87 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔ تاہم کاروبار کے اختتام پر ایک مرتبہ پھر مندی نے ڈیرے ڈالے جس کے باعث 100 انڈیکس 64.14 پوائنٹس کی مندی کے بعد 42282.28 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.15 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی جبکہ 30 کروڑ 2 لاکھ 70 ہزار 901 شیئرز کا لین دین ہوا۔