جنسی زیادتی کے خلاف آواز بلند کرنے کا وقت آگیا: اداکارہ سونیا حسین

کراچی: (کوہ نور نیوز،ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ سونیا حسین نے ایک مرتبہ پھر صدا بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنسی زیادتی کے خلاف آواز بُلند کرنے کا وقت آگیا ہے۔ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سونیا حسین نے ایک خصوصی تصویر پوسٹ کی جس میں عورت سے جنسی زیادتی کی دردناک منظر کشی دکھائی گئی ہے۔ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بس بہت ہوگیا، اب مزید ناانصافی برداشت نہیں ہوگی، اب پاکستان میں کسی کو جنسی زیادتی کا شکار نہیں بننے دیا جائےگا سونیا حسین نے ملک میں عورتوں اور بچوں کے تحفظ کے حوالے سے لکھا کہ ہم اپنے ملک کو ہر شخص کے لیے ایک بہتر اور محفوظ جگہ بنانا چاہتے ہیں، اور اب وہ وقت آگیا ہے کہ جب ہم اپنی دبی ہوئی آوازوں کو بُلند کریں اور انصاف کے لیے یکجا کھڑیں ہوں۔ یاد رہے کہ اِس سے قبل سونیا حسین نے ملک میں زیادتی کے بڑھتے کیسز اور لاہور موٹروے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنے جذبات بیان کیے تھے۔ سونیا حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انصاف کسی چڑیا کا نام نہیں ہے کیونکہ یہاں عام آدمی ہمیشہ انصاف کی طلب میں مارا مارا پھرتا ہے لیکن اُسے انصاف نہیں ملتا۔ اداکارہ نے کہا تھا کہ جس ملک میں کتّوں کا قانون ہو، جہاں بچے، بچیاں، عورتیں، کتّے، بلیاں اور یہاں تک کے قبروں میں لاشیں بھی محفوظ نہ ہوں تو وہاں سوشل میڈیا پر پوسٹس لگانے اور احتجاج کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ جب تک قانون کے محافظ اور سربراہان کے گھروں میں گُھس کر اُنہیں جوتے نہیں ماریں جائیں گے تب تک اعلیٰ حکام کو احساس نہیں ہوگا کہ آخر غیر محفوظ ہونے کا احساس کیسا ہوتا ہے۔