مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کی دشمن درندہ صفت بھارتی فوج قابض ہے: مشعال ملک

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) تفصیلات کے مطابق کشمیری حریت پسند لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنے ویڈیو پیغام میں تمام اُمتِ مسلمہ کو عیدالاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں مسلمانوں کو مذہبی تہوار عید منانے کا حق بھی نہیں، کشمیری عید الاضحی کی نماز بھی ادا نہیں کر سکتے،ہندوستان نے کشمیریوں کی مکمل نسل کشی کا پلان بنا رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہو رہی ہیں،عید کے موقع پر کشمیر قبرستان کا منظر پیش کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کی دشمن درندہ صفت بھارتی فوج قابض ہے۔مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں سے علاج معالجے کی سہولیات بھی چھین رکھی ہیں ،کورونا وائرس کے باعث ساری دنیا میں ایمرجنسی نافذ ہے، آج دنیا کشمیر میں لاک ڈاؤن کی تکلیف کو بہتر سمجھ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے،اقوام متحدہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ٹیم تشکیل دے۔