آل پارٹیز کانفرنس پر پیشرفت، ن لیگ اور پیپلز پارٹی قائدین نے سر جوڑ لئے

لاہور: (کوہ نور نیوز) اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے ایجنڈے کی تیاری کا معاملہ، حزب اختلاف کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین آج اے پی سی کے ممکنہ ایجنڈے پر مشاورت کر رہے ہیں۔ بلاول بھٹو سے ملاقات کیلئے احسن اقبال، ایاز صادق اور سعد رفیق بلاول ہاوس پہنچے ہیں۔ اے پی سی کے ممکنہ ایجنڈے میں ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال کے علاوہ کورونا وائرس، مہنگائی، آٹا، چینی اور ادویات سکینڈل شامل ہیں۔ اے پی سی کے ایجنڈے میں حکومت کی جانب سے انتقامی کاروائیوں اور نیب قوانین میں ممکنہ ترامیم کے امور بھی زیر بحث آئیں گے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی تجویز زیر غور ہوگی۔ قائدین کی ملاقات کے بعد اے پی سی کے ایجنڈے کی حتمی تجاویز دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے بھی مشاورت کی جائے گی، اپوزیشن کی دیگر جماعتیں پہلے ہی بلاول بھٹو زرداری کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرا چکی ہیں۔