‘پی ٹی آئی میں اب ڈسپلن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا’

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی ڈسپلنری اور احتساب کمیٹی نے ایکشن لیتے ہوئے پی ٹی آئی کے ایم این اے کو پارٹی ڈسپلنری کی خلاف ورزی پرنوٹس جاری کردیا اور کہا پی ٹی آئی میں اب ڈسپلن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔ ایم این اے احمد حسین کو وزیرخارجہ پر الزامات لگانے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، احمدحسین کو15جولائی کو پارٹی کی ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا،پی ٹی آئی ایم این اے نے شاہ محمود قریشی پر کرپشن کے الزامات لگائے تھے۔ دوسری جانب عظمیٰ کاردار بھی رکنیت ختم ہونے کے بعد آج تفصیلی جواب جمع کرائیں گی۔ یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب نے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار کی بنیادی رکنیت ختم کردی تھی، قائمہ کمیٹی کی جانب سے بنیادی رکنیت ختم کرنے کا تحریری حکم نامہ میں کہا گیا تھا کہ رکن صوبائی اسمبلی کو 15 جون کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس دیا گیا اور انہیں ذیلی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔ تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عظمیٰ کاردار نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، اُن کا رویہ نامناسب اور منصب کے شیانِ شان نہیں تھا، سنگین غلطی کے بعد عظمیٰ کاردار کسی پارلیمانی منصب کی اہل نہیں، وہ 7 روز کے اندر پارٹی ایلیٹ کمیٹی میں قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب کے فیصلے کو چیلنج کرسکتی ہیں۔