جڑانوالہ میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ، دو سگے بھائیوں سمیت 5 افراد قتل

جڑانوالہ: (کوہ نور نیوز) جڑانوالہ میں دیرینہ دشمنی پر اندھا دھند فائرنگ کرکے دو سگے بھائیوں اور ایک بھانجے سمیت پانچ افراد کو قتل کر دیا گیا، واقعے میں پانچ افراد بھی زخمی ہوئے۔ تفصیل کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جڑانوالہ ننکانہ روڈ پر چک 562 میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار افراد نے اسلحے کے زور پر مسافر ویگن روک کر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو بھائی ادریس اور عبدالرؤف، ان کا بھانجا حسنین، وین ڈرائیور سجاول اور ایک نامعلوم مسافر جاں بحق ہو گئے جبکہ پانچ مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو عملے نے زخمیوں کو سول ہسپتال ننکانہ صاحب منتقل کیا جہاں دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے دیرینہ دشمنی پر اپنے مخالفین ادریس اور عبدالرؤف پر فائرنگ کی۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔