محمد بن سلمان اور پیوٹن میں ٹیلیفونک رابطہ، تیل پیداوار میں کمی پر تعاون بڑھانے پر متفق

ریاض: (کوہ نور نیوز،ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان ٹیلیفون پر تبادلہ خیال ہوا جس میں دونوں رہنمائوں نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں، پیداوار اور کھپت سمیت دیگر امور پر بات چیت کی۔ خبررساں دارے "رائٹرز" کے مطابق روسی صدر پیوٹن اور شہزادہ محمد بن سلمان تیل کی پیداوار میں کمی پر قریبی تعاون بڑھانے پر متفق ہوگئے ہیں۔ یہ بات چیت آئل کانفرنس سے دو ہفتہ قبل ہوئی ہے۔ روسی حکام کاکہنا ہے کہ صدر پیوٹن نے تیل کی پیداوار کو روکنے کے لئے اوپیک + گروپ کے فریم ورک کے تحت اپریل میں طے پانے والے معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ماسکو کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور روس کی پٹرولیم کی وزارتیں تیل کی پیداوار اور اس کے دیگر امور پرایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے پر متفق ہیں۔ پٹرولیم برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک) اور روس کی سربراہی میں تیل کے دیگر بڑے پیداواری ممالک نے مئی اور جون میں اپنے تیل کی پیداوار میں 10 ملین بیرل روزانہ کم کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ کرونا وائرس متاثرہ خام منڈی کے جمود کو دور کیا جاسکے۔ توقع کی جارہی ہے کہ اوپیک + گروپ جون کے دوسرے ہفتے میں اپنی پروڈکشن پالیسی پر تبادلہ خیال کے لیے ایک ورچوئل کانفرنس کرے گا۔