طیارہ حادثہ، جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل تیز کیا جائے: اداکارہ مہوش حیات کی اپیل

کراچی: (کوہ نور نیوز،ویب ڈیسک) تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی اداکارہ مہوش حیات نے طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت کا عمل تیز کرنے کے لیے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے۔ مہوش حیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اُس شخص کی ویڈیو شیئر کی جس نے پی آئی اے طیارہ حادثے میں اپنی اہلیہ سمیت تین بچوں کو کھو دیا اور وہ ابھی تک اپنے پیاروں کی لاشیں شناخت ہونے کے انتظار میں ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متاثرہ شخص کہہ رہا ہے کہ میں نے طیارہ حادثہ میں اپنی اہلیہ اور تین بچوں کو کھو دیا ہے اور اب میں اپنے پیاروں کی لاشیں تلاش کرنے میں لگا ہوا ہوں، میری اہلیہ اور بڑی بیٹی کی لاش کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ 14 سالہ میرے بیٹے اور 5 سالہ بیٹی کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی۔ میں حکومت پاکستان سے درخواست کرتا ہوں کہ ہماری مدد کی جائے۔ اِس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ یہ ہمارے لیے اور اِس خاندان کے لیے ایک دل دہلانے دینے والا مقام ہے۔ تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی اداکارہ نے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان اور وزارت برائے انسانی حقوق پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ براہ کرم اِس خاندان کے پیاروں کی تلاش میں اِن کی جلد از جلد مدد کی جائے تاکہ اِن کی مشکل آسان ہوسکے۔