لاک ڈاؤن میں 1200 کلومیٹر سائیکل چلاکر والد کو گھر لانے والی باہمت لڑکی

پٹنہ: (کوہ نور نیوز) بھارت میں ایک 15 سالہ لڑکی نے والد کی خدمت کی انوکھی مثال قائم کرتے ہوئے اپنے والد کو 1200 کلومیٹر دور سے گھر لے آئی اور اس کی ہمت کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے۔ جیوتی کماری نے ہریانہ کے شہر گروگارام (سابقہ گُڑگاؤں) سے اپنے والد کو سائیکل پر سوار کراکر بہار میں دربھنگا اپنے گھر لے آئی۔ یہ کارنامہ اس نے لاک ڈاؤن کے دوران انجام دیا اور اپنے بیمار والد کو گھر لاکر ہی دم لیا۔ کورونا وائرس کے بعد بھارت میں لاک ڈاؤن سے ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہوگئی لیکن اس عرصے میں جیوتی کے والد بھی بے روزگار ہوگئے۔ اس صدمے سے ان کے والد بیمار بھی رہنے لگے۔ لیکن جیوتی کماری نے اپنے والد کو یقین دلایا کہ وہ اسے سائیکل پر گھر لے جائے گی۔ اس کے لیے اس نے ایک خاص قسم کا بڑا کیریئر لگوایا اور اپنے والد کو اس پر بٹھا کر چل پڑی۔ اس نے گروگارام سے بہار تک کا سفر 1200 کلومیٹر کا سفر سات دنوں میں طے کیا۔ جیوتی نے بتایا کہ وہ روزانہ 100 سے 150 کلومیٹر سائیکل چلاتی رہی۔ تھکاوٹ کی صورت میں وہ اپنے پاس بوتل میں پانی اور چند بسکٹ رکھتی تھی اور اسے کھاکر آگے چل پڑتی۔ لیکن زیادہ تھکن کی وجہ سے وہ سائیکل سے اتر کرروڈ پر بیٹھ جاتی اور اپنے والد کا حوصلہ بھی بڑھاتی رہی۔ اس دوران کھانا کم پڑگیا اور جیوتی نے دو دن تک کچھ نہ کھایا لیکن اپنے والد کو کھانا دیتی رہی۔ لیکن کئی جگہ پر لوگوں نے انہیں کھانا اور پانی بھی پیش کیا۔ جیوتی اپنے والد کے ساتھ دربھنگا کے علاقے ’شراون کماری‘ میں رہتی ہیں اور اس کی عزم کی داستان سن کر شہر کی انتظامیہ نے اسے ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔