چودھری پرویز الہیٰ کا تبلیغی جماعت کے گرفتار افراد کو رہا کرنے کا مطالبہ

لاہور: (کوہ نورنیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے تبلیغی جماعت کے گرفتار افراد کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ تبلیغی جماعت پرامن تنظیم ہے۔ مبلغین کیساتھ ناانصافی کرکے اللہ تعالیٰ کے عذاب کو دعوت نہ دی جائے۔ چودھری پرویز الہیٰ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تبلیغی جماعت کیساتھ سے کوئی ظلم اور زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تبلیغی جماعت پرامن ضرور لیکن لاوارث نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے احباب کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بھی رابطہ کیا ہے۔ افسوس سندھ میں عمل ہو گیا لیکن پنجاب حکومت کو آئی جی سندھ کا نوٹیفکیشن بھیجنے کے باوجود کوئی عمل نہیں ہوا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے سوال اٹھایا کہ کیا کورونا وائرس یورپ، امریکا اور اٹلی میں بھی تبلیغی جماعت کی وجہ سے ہوا ہے؟