پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی، 1560 افراد متاثر

لاہور: (کوہ نورنیوز) ملک بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 14 اموات ہو چکی ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 34 نئے کیس آئے۔ پنجاب میں سب سے زیادہ 571 مریض، سندھ میں 502، خیبر پختونخوا میں 188، بلوچستان میں 138، اسلام آباد میں 43، گلگت میں 116 جبکہ آزاد کشمیر میں دو کنفرم کیسز ہیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے 571 کنفرم مریض ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 5 ہو چکی ہے جبکہ پانچ مریض صحت یاب ہو کر ڈسچارج ہوئے۔ ڈی جی خان سے 207 زائرین، ملتان سے 79 زائرین، رائے ونڈ کورنٹین میں 23 اور لاہور میں 119 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔اس کے علاوہ گجرات میں 52، گوجرانوالہ 11، جہلم 21 اور راولپنڈی میں 19 مریضوں کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ملتان شہر میں 3، فیصل آباد 9، منڈی بہاءالدین 4، ناروال 1، رحیم یار خان 1، وہاڑی 2 اور سرگودھا میں 2 مریض سامنے آ چکے ہیں۔ اٹک ایک اور بہاولنگر میں 2، میانوالی میں 2 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ننکانہ صاحب میں 2، خوشاب میں ایک، ڈی جی خان شہر میں 5 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ تمام کنفرم مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں۔ مریضوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔ گزشتہ 14 روز میں متاثرہ ممالک سے آنے یا کنفرم مریضوں سے ملنے والے افراد گھر میں آئسولیشن اختیار کریں۔ متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔ محکمہ صحت کی ریپڈ رسپانس ٹیمیں مشتبہ مریض کو ہسپتال منتقل کر کے ٹیسٹ کروائیں گی۔ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی صورتحال گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ مشیر اطلاعات گلگت بلتستان حکومت کے مطابق آج کل 27 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے 15 سیمپلز کا ٹیسٹ نیگیٹو آیا۔ انہوں نے بتایا کہ نگر قرنطینہ میں فوت ہونے والے محکمہ صحت کے ملازم کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 128 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا شکار ہو کر دو افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ تین افراد صحتیاب ہو کر گھر چلے گئے ہیں۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے چین سے امدادی سامان پاکستان پہنچ گیا امدادی سامان میں 15 وینٹی لیٹر، این 95 ماسک اور میڈیکل کی دوسری اشیا شامل ہیں۔ سامان سی وین تھرٹی کے ذریعے پاکستان پہنچایا گیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مشکل گھڑی میں ساتھ دینے پر چین کے شکر گزار ہیں۔ چین سے امدادی سامان کا ایک اورجہاز اسلام آباد پہنچا تو چینی سفیر نے سامان چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے حوالےکیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ووہان سے آنیوالی خصوصی پرواز میں تقریباً 6 ٹن سامان بھیجا گیا ہے جس میں 15 وینٹی لیٹرز، این 95 ماسک اور دوسری طبی اشیا شامل ہیں۔ اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کےساتھ ہیں۔ چین سے اب تک امدادی سامان کے چار جہاز پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ ووہان سے آنیوالا یہ پانچواں امدادی جہاز ہے۔ بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریض بڑھ گئے بلوچستان میں کروناوائرس کے نئے کیسز سامنے کے بعد متاثرین کی تعداد 138 تک پہنچ گئی ہے۔ محکمہ صحت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس متاثرہ مزید 3 افراد میں کرونا وائرس کی موجودگی تصدیق ہوئی ہے۔ اب تک ٹیسٹ کے بعد 1275 افراد میں کورونا وائرس کی رپورٹ نیگٹو آئی ہے۔ مشتبہ مریضوں کی تعداد 1710 ہے جبکہ 2 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں جبکہ ایک شخص کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوا۔ خبیر پختونخوا میں کورونا وائرس کا بڑھتا پھیلاؤ، مریضوں کی تعداد 188 ہوگئی خبیر پختونخوا میں کورونا وائرس کے باعث مریضوں کی تعداد 188 ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ خود کو پندرہ روز تک گھروں تک محدود رکھیں تو اس وبا کو شکست سے دے سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت کو موجودہ صورت حال میں ہر خاندان کی مشکلات کا اندازہ ہے۔ تمام افراد کی ضروریات کا خیال رکھا جائے گا۔ روزمرہ کی اشیا کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مزدور اور دہاڑی دار طبقے کے لیے مجموعی طور پر 32 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دی گئی ہے۔