ایک لاکھ این95 ماسک بجھوانے پر سندھ حکومت کا شکریہ، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: (کوہ نورنیوز) تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ٹیلی فون کیا اور چینی امداد میں سے ایک لاکھ این 95 ماسک پنجاب بھجوانے پر وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت آپ کے اس اقدام کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے، آزمائش کی گھڑی میں ہم سب کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارا اتحاد اور عزم اس موذی مرض کو شکست دےگا، عوام کے تعاون سے کرونا کے چیلنج سے کامیابی سے نمٹیں گے۔ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے گزشتہ روز چین سے خصوصی کارگو طیارہ ماسک اور حفاظتی سامان لے کر کراچی پہنچا تھا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چین سے آئے این 95 ماسک کی کھیپ وصول کی تھی۔