لاک ڈاؤن، صحافی اپنا آفس کارڈ اور شناختی کارڈ ساتھ رکھیں، ناصر حسین شاہ

کراچی: (کوہ نورنیوز) تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے رینجرز کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا جس میں صحافیوں سے رینجرز اہلکاروں کے روئیے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے رینجرز کے اعلیٰ حکام کو صحافیوں کے تحفظات سے آگاہ کیا، رینجرز حکام نے انہیں صحافیوں کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کو ہدایات دے دی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ صحافی اپنا آفس کارڈ اور شناختی کارڈ ساتھ رکھیں، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھی صحافیوں کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران شعبہ صحافت تعلق رکھنے والے افراد سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بدسلوکی کا نوٹس لیا تھا۔ یاد رہے کہ دو روز قبل سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اشیائے خوردونوش کی دکانیں 12 گھنٹے بند رکھنے کا اعلان کیا اور دکانداروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ مقررہ 12 گھنٹوں یعنی صبح 8 سے رات 8 تک کاروبار کریں۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں آج لاک ڈاؤن کا چوتھا روز ہے، حکومتی احکامات کی ہدایات کی روشنی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کی مختلف شاہراؤں پر ناکے لگائے ہوئے ہیں جہاں سڑک پر چلنے والے شہریوں کو روک کر اُن سے گھروں میں نہ بیٹھنے کی وجوہات پوچھی جارہی ہیں۔