علمائے کرام لوگوں کو درس دیں کہ وہ گھروں میں ہی نماز ادا کریں، صدر عارف علوی

اسلام آباد: (کوہ نورنیوز) اسلام آباد میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے ویڈیو کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں صوبوں کے گورنر اور مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ جامعہ الازہر کے فتوے کی روشنی میں اپنا کردار ادا کریں۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ علمائے کرام لوگوں کو درس دیں کہ وہ گھروں میں نماز ادا کریں اور علماء کورونا کے پھیلاؤ سے بچاؤ کےلیے احتیاطی تدابیر بتائیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علمائے کرام میں اتحاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحران سے بچاؤ کا واحد حل سماجی فاصلہ قائم کرنا ہے۔ اس موقع پر علمائے کرام نے کورونا کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔ علماء کا کہنا تھا کہ مدارس کے 30 لاکھ بچوں کو چھٹیاں دے چکے ہیں اور مزید احتیاطی تدابیر بھی کی جارہی ہیں، عوام بحران سے بچاؤ کے لیے اللہ سےرجوع کریں اور عبادت کریں۔