مالک قرنطینہ میں، کتے کا ڈرون کیساتھ سڑکوں پر مٹر گشت

لاہور: (کوہ نورنیوز،ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو گئی ہے، اس ویڈیو کو ٹویٹر پر 36 لاکھ لوگوں نے دیکھا، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سائپرس میں ایک کتا ڈرون کیساتھ سڑکوں پر مٹر گشت کر رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چین سے پھیلنے والا کرونا وائرس دنیا بھر میں قہر بن کر عوام پر ٹوٹ پڑا ہے جس کے باعث کروڑوں شہری گھروں میں رہنے پر مجبور ہو گئے ہیں، چینی شہر ووہان سے گزشتہ برس دسمبر میں پھیلنے والے مہلک وائرس کو عالمی ادارہ صحت نے کووڈ 19 کا نام دیا اور جب صورت حال گھمبیر ہوگئی تو اس وائرس کو وبا قرار دیا۔ آج تک کی اطلاعات کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے دس ہزار سے زائد مریض موت کے منہ میں جاچکے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی بڑھ کر اڑھائی لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ دوسری طرف عالمی ادارہ صحت نے یورپ کو کرونا وائرس کا مرکز قرار دیا، جہاں عالمگیر وبا نے تباہی مچادی ہے اور صرف اٹلی میں ہی 3400 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ اس سے قبل چین میں کرونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں البتہ گزشتہ پانچ روز سے اٹلی میں خوفناک صورت حال دیکھنے میں آرہی ہے۔ دنیا کے تقریبا تمام ہی ممالک نے اپنے عوام کو وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔ امریکا، برطانیہ، یورپ، خلیجی اور مشرقِ وسطیٰ سمیت تمام ہی ممالک کی حکومتوں نے مکمل یا جزوی لاک ڈاؤن کیا ہے تاکہ عوام کرونا سے محفوظ رہ سکیں اور بیماری پر قابو پایا جاسکے۔ ترک اور فلسطین کے وسط میں واقع ملک قبرص میں بھی لاک ڈاؤن ہے اور وہاں کے شہری گھروں پر وقت گزار رہے ہیں ایسے میں پالتو جانوروں کو باہر بھیجنا بڑا چیلنج ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو گئی ہے اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سائپرس میں کتا ڈرون کیساتھ سڑکوں پر مٹر گشت کر رہا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کتے پر نظر رکھنے کے لیے مالک ڈرون کیمرے کا استعمال کرتا ہے۔ مالک کا کہنا ہے کہ وہ اس طرح بالکل بے فکر رہتا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں لکھا ہے کہ پانچواں دن قرنطینہ میں ، اپنے گھر پر رہیں لیکن اپنے کتے کو خوش رکھنے سے نہ بھولیں۔ اس ویڈیو کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر 36 لاکھ لوگوں نے دیکھا ہے۔