قومی محاذ بنائے بغیر کورونا پر قابو پانا ممکن نہیں: احسن خان

لاہور: (کوہ نورنیوز) پاکستان کے مقبول اداکار و میزبان احسن خان کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے قومی محاذ بنانے پر زور دیا ہے۔ احسن خان نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین اور ہلاکتوں کے حوالے سے معلومات شیئر کیں اور لکھا کہ صرف پاکستان کے علاوہ تمام ممالک نے ایمرجنسی نافذ کردی ہے، ہمیں اب سنجیدہ اقدامات اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اداکار نے کہا کہ عوامی اجتماعات کو فی الحال بند کریں، تعلیمی ادارے بند کیے جائیں، کورونا کے خلاف قومی محاذ بنائے بغیر قابو پانا ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کے علم میں ہے کہ کوئی فیملی ان دنوں بیرون ملک سے آئی ہے تو ان کو درخواست کریں وہ اپنا چیک اپ کروائیں۔واضح رہےکہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 22 ہو گئی ہے جن میں سے کراچی سمیت سندھ بھر میں 16،گلگت بلتستان میں 3، اسلام آباد میں 2 جب کہ کوئٹہ میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہر ممکن حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں جس کے تحت ائیرپورٹس پر اسکریننگ کا عمل جاری ہے ۔سندھ حکومت نے کراچی میں ہونے والے بقیہ تین میچز اور ایک پلے آف بغیر تماشائیوں کے اسٹیڈیم میں کروانے کا اعلان کیا ہے۔