وزیراعلیٰ پنجاب سے ملنے والے ایم پی ایز پرانے لوٹے: احسن اقبال

اسلام آباد: (کوہ نورنیوز) لیگی رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اگر تحریک انصاف کو ایم پی ایز کی حمایت کا شوق ہے تو ان کا استعفیٰ دلوائے، پی ٹی آئی کی نام نہاد صاف ستھری سیاست کا حال دیکھ لیں، ان ایم پی ایز کو نوٹس کے حوالے سے صوبائی پارلیمانی پارٹی فیصلہ کرے گی۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملنے والے ایم پی ایز پرانے لوٹے ہیں، یہ لوٹے ایم پی ایز پہلے بنی گالہ بھی جا چکے ہیں۔ واضح رہے مسلم لیگ ن کے 6 ارکان نے وزیر اعلی سے ملاقات میں آئندہ انتخاب بھی پی ٹی آئی سے لڑنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا آئندہ الیکشن پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے لڑیں گے، پارٹی نے دباؤ بڑھا یا یا ایکشن لیا تواستعفیٰ دینے کو تیار ہیں۔ خیال رہے مجموعی طور پر اب تک وزیراعلی سے 15 ارکان انفرادی اور اجتماعی طورپر مل چکے ہیں، 6 ارکان کی وزیراعلی ملاقات ریکارڈ پر آچکی جبکہ 9 ارکان کا مناسب وقت پر اعلان ہوگا۔