بلدیاتی الیکشن: سمندری سے 2 سابق ارکان پنجاب اسمبلی ق لیگ میں شامل

گجرات: (کوہ نورنیوز) قاف لیگ نے بلدیاتی الیکشن کے جوڑ توڑ میں مخالفین کی وکٹیں اڑانا شروع کر دیں، سمندری سے 2 سابق ارکان پنجاب اسمبلی ق لیگ میں شامل ہوگئے۔ سمندری سے چودھری مظہر علی گِل اور عارف گِل نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات کی، دونوں ارکان آئندہ بلدیاتی الیکشن ق لیگ کے پلیٹ فارم سے لڑیں گے، ملاقات میں ایم این اے مونس الٰہی اور سینیٹر کامل علی آغا بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا فیصل آباد میں پارٹی کو مضبوط اور فعال بنائیں، تمام کارکنوں اور ساتھیوں کو ساتھ لے کر چلیں، متحد ہو کر آئندہ بلدیاتی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنے امیدواروں کو کامیاب کرایا جائے، پاکستان مسلم لیگ نے پنجاب میں بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے عوام کی خدمت کی، بلدیاتی نمائندوں نے جس طرح عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کیا وہ اپنی مثال آپ ہے، پنجاب کی بلدیاتی تاریخ کا سنہرا دور تھا جس میں ریکارڈ ترقیاتی اور عوامی فلاح و بہبود کے کام کئے گئے۔ پاکستان مسلم لیگ میں شامل ہونے والوں میں چودھری خالد محمود گِل، حمزہ خالد گِل، شیخ اظہر اقبال اور حاجی عبدالقادر بھی شامل تھے۔