اروند کیجریوال نے تیسری بار دہلی کی وزارت اعلیٰ کا حلف اُٹھالیا

دہلی : (کوہ نورنیوز) دہلی کے ریاستی انتخابات میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شکست دینے والی عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے وزارت اعلیٰ کا حلف اُٹھالیا۔ دہلی کے ریاستی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 70 میں 62 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی 8 سیٹیں ہی جیت سکی تھی۔ انتخابات میں جیت کے بعد عام آدمی پارٹی کے سربرہ اروند کیجریوال نے تاریخی رام لیلا میدان وزرات اعلیٰ کا حلف اٹھایا، اُن سے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل نے حلف لیا جبکہ تقریب حلف برداری میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ حلف اٹھانے کے بعد تقریب سے خطاب میں اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوان کسی نے بی جے پی کو ووٹ دیا، کسی نے کانگریس کو ووٹ دیا اور کسی نے کسی دوسری پارٹی کو ووٹ دیا لیکن اب میں سب کا وزیر اعلیٰ ہوں اور کسی کے ساتھ تفریق نہوں کروں گا۔ خیال رہے کہ اروند کیجریوال مسلسل تیسری بار دہلی کے وزیراعلیٰ بنے ہيں، اس سے قبل وہ 28 دسمبر 2013 سے 14 فروری 2014 اور 14 فروری 2015 سے 15 فروری 2020 تک وزیر اعلیٰ رہے ہیں۔ اروند کیجریوال کی کابینہ کی بھی حلف برداری ہوگئی اور کابینہ میں ایک مسلمان رکن کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ دہلی کی ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ 8 فرروی کو ہوئی تھی جبکہ ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان 11 فروری کو کیا گیا۔