غیر ملکی کرنسی کھانے کی اشیاء کے ذریعے سمگل کرنیکی کوشش

نئی دہلی: (کوہ نورنیوز،ویب ڈیسک) دنیا بھر میں سمگلنگ ایک ایسا ذریعہ معاش ہے جس میں متعدد شہری پکڑنے کے باوجود اس گورکھ دھندے کو چھوڑنے کا نام نہیں لیتے، سمگلنگ پوری دنیا میں ایک وبا کی طرح پھیل چکی ہے۔ اس پر قابو پانے کیلئے مختلف حکومتیں سخت قانون اپناتی ہیں تاہم اسی حوالے سے ایک خبر بھارت سے آئی ہے جہاں پر مونگ پھلی اور کھانے کی دیگر اشیاء کے ذریعے غیر ملکی کرنسی سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نئی دہلی ائیر پورٹ پر ایک شخص کو 45 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی مونگ پھلی، بسکٹ کے ڈبوں اور گوشت میں چھپا کر لے جانے کے جرم پر بھارتی سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) نے گرفتار کر لیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق نئی دہلی کے گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے دبئی جانے والے 25 سالہ شخص کی مشکوک حرکتوں کی بناء پر تلاشی لی گئی۔ سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جب مسافر کے سامان کی تلاشی لی گئی تو اُس میں پکے ہوئے گوشت، مونگ پھلی، بسکٹ کے ڈبوں اور دوسری کھانے کی چیزوں میں سے غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی۔ پورے واقع کی ویڈیو سی آئی ایس ایف نے سوشل پر بھی پوسٹ کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم کے سامان میں موجود سیل پیک بسکٹ کے ڈبوں، مونگ پھلی اور تیل میں پکے ہوئے گوشت میں سعودی، قطری، عمانی ریال کے ساتھ ساتھ کویتی دینار اور یورو موجود تھے۔ سی آئی ایس ایف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ برآمد ہونے والی کرنسی کی مالیت 45 لاکھ روپے ہے جسے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔