سٹاک مارکیٹ: دو روز کی تیزی کے بعد مندی کی واپسی، انڈیکس 75.69 پوائنٹس گر گیا

کراچی: (کوہ نورنیوز) تفصیلات کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دو روز شاندار تیزی رہنے کے بعد چوتھے کاروباری روز کے دوران 100 انڈیکس اُتار چڑھاؤ کے باعث کاروبار کے اختتام پر 75.69 پوائنٹس گر گیا، مندی کے باعث حصص مارکیٹ کی 40500 کی حد بھی گر گئی۔ یاد رہے کہ رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران 846.93 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی تھی جس کے بعد انڈیکس 39296.70 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم دوسرے کاروباری روز کے دوران مندی کے بادل چھٹے اور انڈیکس میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، ایک موقع پر انڈیکس 600 پوائنٹس بڑھ گیا تاہم کاروبار کا اختتام 417.76 پوائنٹس کی تیزی پر ہوا۔ گزشتہ روز بھی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل دیکھا گیا اور انڈیکس میں 816.67 پوائنٹس کی زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو 120 ارب سے زائد کا فائدہ ہوا تھا اور انڈیکس 40531.13 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔ دو روز کے دوران انڈیکس میں 1233 پوائنٹس بحال ہوئے تھے۔ آج کاروبار کا آغاز ہی غیر یقینی صورتحال کے باعث ہوا، انڈیکس کا آغاز 40531.13 پوائنٹس سے شروع ہوا تو پہلے دو گھنٹوں کے دوران انڈیکس 200 پوائنٹس بڑھنے کے بعد 40765.38 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔ تاہم اس دوران غیر یقینی صورتحال نے سٹاک مارکیٹ میں ڈیرے ڈالے جس کے باعث اگلے دو گھنٹوں کے دوران انڈیکس 40598.74 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا تھا۔ کاروبار کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 40323.42 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام دن بھر اُتار چڑھاؤ کے باعث 75.69 پوائنٹس کی مندی کے بعد ہوا اور انڈیکس 40455.44 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.19 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی جبکہ 13کروڑ 93 لاکھ 75 ہزار 690 شیئرز کا لین دین ہوا، اس شیئرز میں زیادہ انویسٹرز نے فروخت کو ترجیح دی۔