زندگی صرف خدا کوراضی کرنے میں ہے، فیروزخان

کراچی: (کوہ نورنیوز) اداکارفیروزخان نے حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی صرف خدا کو راضی کرنے میں ہے۔ ڈراما سیریل ’’خانی‘‘سے مشہور ہونے والے اداکار فیروزخان اپنے کیریئرمیں کئی کامیاب ڈراموں میں کام کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ فیروز خان کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کے ناموراداکاروں میں ہوتا ہے جو سوشل میڈیا پر بھی کافی سرگرم رہتے ہیں تاہم چند روز قبل انہوں نے اچانک اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کردیا تھا۔ فیروز خان نے تو انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی لیکن ان کی اہلیہ علیزے نے انسٹاگرام اسٹوری میں اپنے شوہر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا یہ روحانی سفر آپ کی زندگی میں مزید اعتماد لائے اور آپ اپنے مقصد میں کامیاب ہوں۔ علیزے کی اس پوسٹ کے بعد یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ فیروز خان اپنے روحانی سفر کا آغاز کرنے جارہے ہیں اور شاید وہ اب شوبز کو بھی خیرباد کہہ دیں۔ یہ بھی پڑھیں: فیروزخان نے انسٹا گرام اکاؤنٹ کیوں ڈیلیٹ کیا؟ حال ہی میں ندا یاسرکے مارننگ شو میں فیروز خان نے اپنے روحانی سفر اور دین کی جانب رجحان کے حوالے سے باتیں بتائیں۔ فیروز خان نے اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں کہا کہ مجھے اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ زندگی صرف صبح اٹھ کرتیار ہوکرکیمرے کے سامنے کھڑے ہونے کا نام نہیں ہے بلکہ معاشرے کے لیے کچھ کرنا بہت ضروری ہے۔ فیروزخان نے کہا کہ ہم سب کو راضی تو اللہ تعالیٰ کو کرنا ہوتا ہے اور ہم سب کچھ ایسی چیز کی تلاش میں ہوتے ہیں، کچھ ایسا کریں کہ بس اللہ تعالیٰ راضی ہوجائے اور زندگی صرف خدا کو راضی کرنے میں ہے۔ مجھے نہیں معلوم میں اللہ کے قریب ہوں یا نہیں، ہوسکتا ہے دوسرے لوگ مجھ سے زیادہ قریب ہوں لیکن اللہ نے میری آنکھیں کھول دیں جس کے بعد مجھے میرے پاس موجود چیزوں کے بجائے خدا کی عبادت اورذکر میں خوشی ملنی شروع ہوگئی۔ فیروز خان نے گزشتہ برس حج کی سعادت حاصل کی تھی اس بارے میں انہوں نے بتایا کہ میں نے بس خدا سے دعا مانگی تھی کہ مجھے اپنے در پر بلالیں اور اس نے بلالیا اور یہ سب بالکل آخر میں ہوا جب حج پر جانے کی کوئی امید بھی نہیں تھی۔ تاہم حج کے دوران میں نے بہت کچھ سیکھا۔ فیروز خان نے کہا یہ حقیقت ہے کہ حج خریدا نہیں جاتا اور نہ ہی کیا جاتا ہے بلکہ یہ بلاوا ہوتا ہے۔ میں لوگوں کو خاص کر نوجوانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ گھر، گاڑی، بنگلہ، شہرت نہ مانگیں بلکہ خدا سے صرف صراط مستقیم مانگیں۔ واضح رہے کہ فیروز خان نے انٹرویو کے دوران شوبز چھوڑنے یا نہ چھوڑنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔