پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے: دفتر خارجہ

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) تفصیل کے مطابق مشرق وسطیٰ سے متعلق امریکی صدر کے امن پلان پر پاکستان نے اپنا موقف دیتے ہوئے دو ریاستی حل کی خواہش کا اظہار جبکہ آزاد فلسطین کے قیام کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے اس اہم معاملے پر جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے مشرق وسطیٰ امن منصوبہ کے اعلان کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان نے ہمیشہ سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بات چیت کے ذریعہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور دیرپا حل کی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان عالمی تسلیم شدہ قواعد اور 1967ء سے قبل بارڈرز کی بنیاد پر فلسطینی ریاست کا حامی ہے۔ ایسی فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس ہو۔