شاہ محمود کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات، مسئلہ کشمیر و دیگر امور پر گفتگو

واشنگٹن: (کوہ نور نیوز) اطلاعات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اسٹیٹ آفس واشنگٹن پہنچے جہاں ان کی امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، اہم علاقائی و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادل خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے ایران و سعودی عرب کے دورے کی تفصیلات سے بھی امریکی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کا ’پرامن جنوبی ایشیا‘ کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور 80 لاکھ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اور امریکا کی مشترکہ کاوشوں سے 40 سالہ طویل محاذ آرائی کے بعد سیاسی حل کے ذریعے امن کی نوید سنائی دے رہی ہے، پاکستان خلوص نیت کے ساتھ افغان امن عمل کی اس مشترکہ ذمہ داری کو نبھا رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات میں یہ بھی کہا کہ تاریخی اعتبار سے جنوبی ایشیائی خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان اور امریکا کی مشترکہ کاوشیں ہمیشہ سود مند ثابت ہوئی ہیں اور دونوں ممالک کیلئے یکساں مفید رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور صدر ٹرمپ کے جامع دو طرفہ پاک امریکا تعلقات کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغانستان کے سیاسی تصفیے، افغان امن عمل اور پرامن ہمسائیگی کیلئے پاکستان کی مخلصانہ، مصالحانہ کاوشوں کو سراہا۔