سابق وزیراعظم کی دوسری میڈیکل رپورٹ محکمہ داخلہ پنجاب کو موصول

لاہور: (کوہ نور نیوز) حکومت پنجاب نے اس سے قبل نواز شریف کی پہلی میڈیکل رپورٹ مسترد کردی تھی۔ اب سابق وزیراعظم کی تازہ میڈیکل رپورٹ محکمہ داخلہ پنجاب کو موصول ہوگئی ہے۔ میڈیکل بورڈ رپورٹ کا جائزہ لے گا، اس کے بعد ہی ضمانت میں توسیع کا فیصلہ ہو گا۔ لیگی رہنما عطا تارڑ کی جانب سے نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹ محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کی طبیعت بدستور ناساز ہے۔ ن لیگ کی سیکرٹری اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھی تازہ میڈیکل رپورٹ فراہم کرنے کی تصدیق کی ہے۔ ادھر محکمہ داخلہ پنجاب نے نواز شریف کی رپورٹ کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ صحت کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کو رپورٹ ملنے کے بعد یہ میڈیکل بورڈ کو بھجوائی جائے گی۔ میڈیکل بورڈ کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کا فیصلہ ہوگا۔ دوسری جانب پنجاب کے وزرا نے نواز شریف کی ضمانت میں مزید توسیع کی مخالف کر دی۔