سیاسی غیر یقینی، سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے باعث معمولی مندی

کراچی: (کوہ نور نیوز) تفصیلات کے مطابق ملکی فضائوں میں چھائی غیر یقینی سیاسی صورتحال کے اثرات پاکستان سٹاک مارکیٹ پر اثر انداز ہونے لگے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت کے اتحادیوں (ایم کیو ایم، جی ڈی اے، مسلم لیگ ق) کے ساتھ اختلافات کی خبروں نے انویسٹرز کے ہاتھ روکے ہوئے ہیں جس کے باعث سرمایہ کار دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ آج کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، پہلے دو گھنٹوں کے دوران 100 انڈیکس میں 130 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی جس کے بعد حصص مارکیٹ کا انڈیکس 43356.86 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا، اس کا تسلسل اگلے ڈیڑھ گھنٹے کے دوران بھی دیکھنے کو ملا جس کے باعث ٹریڈنگ کے دوران 43400 کی حد بھی بحال ہو گئی تھی اور انڈیکس 46468.22 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا۔ تاہم اس دوران غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث ایک مرتبہ پھر مندی نے سٹاک مارکیٹ میں ڈیرے ڈالے اور انڈیکس میں 250 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی جس کے باعث انڈیکس دوبارہ 43200 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا تھا ۔تنزلی کا تسلسل چلتا رہا اور انڈیکس 43095.41 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 11.63 پوائنٹس کی مندی پر ہوا اور انڈیکس 43218 پوائنٹس سے گر کر 43207.04 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ پورے کاروباری روز کے دوران 0.03 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 15 کروڑ 11 لاکھ 27 ہزار 510 شیئرز کا لین دین ہوا۔