خالد مقبول کی کابینہ سے علیحدگی، اسد عمر کی سربراہی میں وفد آج متحدہ سے ملاقات کریگا

کراچی: (کوہ نور نیوز) خالد مقبول کی کابینہ سے علیحدگی پر سیاسی ماحول گرم، وفاقی حکومت اتحادی جماعت کو رام کرنے کیلئے ایکٹو ہو گئی، تحفظات دور کرنے کیلئے اسد عمر کی قیادت میں وفد آج متحدہ وفد سے ملاقات کرے گا۔ سب کی نظریں بہادر آباد پر لگ گئیں، اسد عمر کی زیر صدارت کراچی بحالی کمیٹی کا اجلاس گورنر ہاؤس کراچی میں بلایا گیا ہے جس میں متحدہ نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے گزشتہ روز کنوینرایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزارت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کا وفاقی حکومت بنانے میں ساتھ دیا تھا لیکن ہمارے مطالبات پر پیش رفت نہیں ہوئی، تاہم انہوں نے حکومت سے اتحاد ختم کرنے کی افواہوں کی تردید کی تھی۔