طیارے گرانے میں ملوث ذمہ داروں کو سزا دی جائے: یوکرائنی صدر

تہران: (کوہ نور نیوز) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرائنی صدر کا کہنا تھا کہ ایران حادثے کے ذمہ داروں کو سزا دے، معاوضہ ادا کرے اور معافی مانگے۔ توقع کرتے ہیں کہ ایران مجرموں کو عدالت میں پیش کرے گا، متاثرین کو معاوضہ دیا جائے گا اور طیارے کی باقیات واپس کر دی جائیں گی۔ یوکرائن کے صدر کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ واقع کی انکوائری بغیر کسی ارادی تاخیر کے کی جائے گی۔ اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے ایران سے معافی کا بھی مطالبہ کیا اور ساتھ ہی ساتھ یہ بھی کہا کہ یوکرین کے 45 ماہرین کو حادثے کی انکوائری میں مکمل طور پر رسائی دی جائے۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی ذمہ داران کے احتساب اور متاثرین کے لواحقین اور عزیزوں کے لیے شفاف انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک قومی سانحہ ہے اور اس پر کینیڈا کے شہری ایک ساتھ سوگ منا رہے ہیں۔ روس کی انٹرفیکس نیوز ایجنسی کے مطابق روسی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور کا کہنا ہے کہ ایران کو اس واقع سے سبق سیکھنا چاہیے۔ کمیٹی کے چیئرمین کونسٹنٹین کوساچیف کا کہنا تھا کہ اگر بلیک باکس کی ریکارڈنگ اور تحقیقات سے یہ ثابت نہیں ہوتا ہے کہ ایرانی فوج نے طیارہ جان بوجھ کر مار گرایا ہے تو یہ معاملہ ختم ہو جانا چاہیے۔ کمیٹی کے چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ امید ہے کہ ایران کے لیے یہ واقعہ سبق آموز ہو گا اور اس کے تمام فریقین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ فرانس کی وزیر دفاع فلورنس پارلی انٹر ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ حال ہی میں جو واقعات ہم نے دیکھے ہیں ہمیں ان کے ڈرامائی تسلسل سے سبق سیکھنا چاہیے کہ ہمیں کشیدگی کو ختم کرنا ہوگا۔