بھارت میں اب پُتلے ٹریفک مسائل پر قابو پائیں گے

کرناٹکا : (کوہ نور نیوز) بھارتی ریاست کرناٹکا میں ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے نمٹنے کے لیے ہو بہو ٹریفک پولیس اہلکار کی طرح پُتلے تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ شہر میں ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے کے لیے کارناٹکا کی ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک پولیس کی طرح پُتلے تعینات کیے گئے ہیں جنہیں ان کی ہی طرح یونیفارم پہنا کر شہر کی اہم شاہراہوں پر کھڑا کیا گیا ہے۔ پُتلوں کو سفید شرٹ، خاکی رنگ کی پینٹ، سفید کیپ اور کالے جوتے پہنا کر اسی طرح کھڑا کیا گیا ہے جیسے ٹریفک پولیس اہلکار کھڑے ہوتے ہیں۔ ان پُتلوں کو دیکھنے سے شہریوں کو ایسا لگ رہا ہے کہ اصلی میں ٹریفک پولیس اہلکار کھڑے ہوئے ہیں۔ کارناٹکا کے جوائنٹ کمشنر آف ٹریفک پولیس ڈاکٹر بی آر رویکانتھ گوڈا کا کہنا ہے کہ ’ان پُتلوں کو تعینات کرنے کے بعد بے حد مثبت ردِ عمل سامنے آیا ہے، ایسے شہری جو عادتاً ٹریفک کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں، یہ پتلے اُن کے لیے کارآمد ثابت ہوئے ہیں‘۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہم اب جلد ان پُتلوں کے پاس سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کریں گے تاکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کی جا سکے۔ بھارتی ریاست کارناٹکا میں ٹریفک پولیس کی جانب سے کیے گئے اس اقدام کو شہریوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے اور شہریوں کا کہنا ہے کہ ان پُتلوں کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل میں واقعی کمی دیکھنے میں آئی ہے کیونکہ لوگ ان پُتلوں کو اصلی ٹریفک پولیس اہلکار سمجھ رہے ہیں۔ٹریفک پولیس کمشنر نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا کہ جب کوئی ڈرائیور اس پُتلے کو دور سے دیکھتا ہے تو اسے لگتا ہے کہ یہ اصل پولیس اہلکار ہیں اور وہ رُک جاتا ہے لیکن جیسے ہی انہیں معلوم ہوتا ہے کہ یہ نقلی ہے تو وہ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ اسی ضمن میں انہوں نے بتایا کہ ہم اگلے ہی دن اس جگہ پر اصلی پولیس اہلکار تعینات کرتے ہیں، جب ڈرائیور دوبارہ قانون کی خلاف ورزی کرنے لگتا ہے تو ہم اس بار اسے پکڑ لیتے ہیں۔