گرفتار وکلا کی درخواست ضمانت، جسٹس انوار الحق کا کیس کی سماعت سے انکار

لاہور: (کوہ نور نیوز) جسٹس محمد انوار الحق پنوں نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر گرفتار وکلا کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا۔ پولیس نے لاہور ہائیکورٹ میں وکلاء کے خلاف انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمات درج ہونے کی رپورٹ پیش کی۔ جسٹس محمد انوار الحق پنوں نے کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔ عدالت کے باہر وکلا کی بڑی تعداد جمع تھی۔ ادھر وکلاء جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے جسٹس مظاہر علی نقوی سےعدالتی امور بند کرنے کی استدعا کی جس پر جسٹس مظاہر علی نقوی نے کہا عدالت اپنا کام کرے گی، یہ میری ذمہ داری ہے، سینئر اور نوجوان وکلا گلدستے لے کر پی آئی سی جائیں، وکلا ڈاکٹروں سے گلے مل کر معاملہ ختم کریں۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے استدعا کی کہ پیش نہ ہونے والے وکلاء کے مقدمات عدم پیروی پر خارج نہ کئے جائیں۔ جس پر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کوئی وکیل پیش نہیں ہونا چاہتا تو اس کی اپنی مرضی ہے، مقدمات عدم پیروی پرخارج نہیں کئے جائیں گے۔