حماد اظہر کی اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر سے ملاقات

جدہ : (کوہ نور نیوز) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) کے صدر سے ملاقات کے دوران بینک کو اسلام آباد میں علاقائی مرکز اور گیٹ وے دفتر قائم کرنے کی دعوت دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہرنے جدہ میں اسلامک ڈویلپمنٹ بینک (آئی ڈی بی) کے صدر ڈاکٹر بندر الحجر سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے معاشی منصوبوں میں مالی اعانت پر آئی ڈی بی کے کردار کو سراہا۔ حماد اظہر نے آئی ڈی بی کو اسلام آباد میں علاقائی مرکز اور گیٹ وے دفتر قائم کرنے کی بھی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان میں بینک کا پورٹ فولیو بنائے۔ وفاقی وزیر نے کنٹری سپورٹ پروگرام میں پاکستان کو شامل کرنے اور بجٹ سپورٹ پروگرام کی بحالی کی بھی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سپورٹ پروگرام سے زر مبادلہ ذخائر کو تقویت ملے گی۔ اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر الحجر نے کہا کہ آئی ڈی بی پاکستان کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ ڈاکٹر بندر الحجر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کنٹری سپورٹ پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ وفاقی وزیر حماد اظہر عالمی اسلامی تجارتی مالیاتی کارپوریشن سیمینار کے لیے جدہ میں موجود ہیں۔