سبزی منڈی میں ایرانی ٹماٹر کی آمد، قیمتوں میں نمایاں کمی

کراچی: (کوہ نور نیوز) شہرقائد کی سبزی منڈی میں ایرانی ٹماٹر کے مزید بارہ کنٹینرز پہنچ گئے، ٹماٹروں کی آمد کے ساتھ قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مہنگے داموں ٹماٹر خریدنے پر مجبور شہریوں نے اب سکھ کا سانس لیا، سبزی منڈیوں میں ایرانی ٹماٹر کی آمد سے قمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے، سبزی منڈی ہول سیل مارکیٹ میں درجہ اول ٹماٹر 80 روپے کمی سے 120 جبکہ درجہ دوئم ٹماٹر 110 روپے کمی کہ بعد 99 روپے فی کلو ہوگیا ہے۔ ریٹیل مارکیٹ میں ٹماٹر 200روپے کلو کی سطح پر آگیا، گزشتہ روز مختلف مارکیٹوں میں ٹماٹر 250 سے 300 روپے کلو کے حساب سے فروخت ہورہا تھا جبکہ کئی مارکیٹوں میں قیمتیں کم تھیں۔ خیال رہے کہ ایران سے 15 ہزار 5 سوٹن ٹماٹر پاکستان درآمد کیے جائیں گے، انتظامیہ نے درآمد کے لیے گزشتہ روز پرمٹ جاری کیا، 12 سو 76 ٹن ٹماٹر کی کھیپ پاکستان پہنچ چکی ہے۔ دو روز قبل ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر کراچی کی سبزی منڈی پہنچے جس کے بعد سبزی منڈی میں ٹماٹر کی قیمت میں سو روپے فی کلو کی نمایاں کمی ہوئی تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہیں، لوگ جھوٹ بول رہے ہیں۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آپ جائیں جا کر چیک کریں۔