برسبین ٹیسٹ: اسد شفیق نے پاکستان کو رسوائی سے بچا لیا

برسبین : (کوہ نور نیوز) آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل جاری ہے اور پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔ برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنا لیے ہیں، اسد شفیق 76 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ پاکستان کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں۔ گرین کیپس کی جانب سے شان مسعود اور اظہر علی نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 75 رنز کا آغاز فراہم کیا، پاکستان کو پہلا نقصان شان مسعود کی صورت میں ہوا جو 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کے اسکور میں بغیر کوئی اضافہ کیے اظہر علی بھی 39 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جب کہ حارث سہیل آسٹریلیا میں ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ قومی ٹیم کی رنز مشین بابراعظم بھی ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ جارح مزاج افتخار احمد صرف 7 رنز بنا سکے۔ 75 پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد صرف 19 رنز کے اضافے سے قومی ٹیم کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے اسد شفیق کے ساتھ مل کر کیگرو بولرز کے خلاف اچھی مزاحمت کی لیکن 37 کے انفرادی اسکور پر محمد رضوان تھرڈ امپائر کے متنازع فیصلے کا شکار ہو گئے۔ نئی گیند ملنے کے بعد مچل اسٹارک بولنگ کے لیے آئے اور پہلے ہی اوور میں یاسر شاہ کو 26 رنز پر کلین بولڈ کر دیا، اگلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔