وزیر ریلوے شیخ رشید کی طبیعت ناساز، ہسپتال میں‌ معائنے کے بعد گھر منتقل

راولپنڈی: (کوہ نور نیوز) وزیرریلوے شیخ رشید کی طبیعت ناساز ہو گئی، وہ ایک تقریب میں شرکت کے بعد لال حویلی پہنچے تو لوگوں سے ملاقات کے دوران سینے میں تکلیف محسوس ہوئی، انہیں فوری طور پر راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کیا۔ بعد ازاں انہیں ہولی فیملی ہسپتال بھجوا دیا گیا۔ ڈاکٹروں نے تفصیلی معائنے کے بعد بتایا کہ شیخ رشید کو دل کی تکلیف نہیں ہوئی، ان کی ای سی جی بالکل نارمل ہے۔ وفاقی وزیر کو ہائی بلڈ پریشر اور شوگر لیول کی شکایت ہے، بلڈ پریشر بڑھنے کے سبب سینے میں تکلیف محسوس ہوئی۔ بعد ازاں شیخ رشید کو واپس گھر بھجوا دیا گیا۔