میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے: چیئرمین نیب

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے جسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے سرجری اہم ضرورت ہے۔ چیئرمین نیب کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جاری ہے جس میں نیب کے میگا کرپشن کیسز میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، کرپشن شکایات، ریفرنسز، انوسٹی گیشنز اور انکوائریز کی منظوری دی جائیگی۔ اس موقع پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا نیب احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے، نیب فیس کو نہیں کیس کو قانون کہ دائرے میں منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا گزشتہ 23 ماہ میں بدعنوانی کے 610 ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کئے، 23 ماہ کے دوران 71 ارب روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کر کے خزانہ میں جمع کروائی، غیر قانونی ہاوسنگ سوسائیٹز کی بڑھتی تعداد کو روکنے کیلئے عوام کو انکی نشاندہی کرنی چاہیے، بزنس کمیونٹی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں ریڑھ کی حیثیت رکھتی ہے۔