9.2 ارب ڈالر مالیت کا مین لائن ون منصوبہ سی پیک کا دل ہے: شیخ رشید

اسلام آباد : (کوہ نور نیوز) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مین لائن ون منصوبے کی تکمیل میں وزیراعظم عمران خان ذاتی طور پر دلچسپی لے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید سے چین کے ڈی جی نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن اور وفد نے ملاقات کی اس موقع پر پشاورکراچی 1872 کلومیٹر ایم ایل ون منصوبے کی پیش رفت پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 9.2 ارب ڈالر مالیت کا مین لائن ون منصوبہ سی پیک کا دل ہے، وزیراعظم منصوبے کی جلد تکمیل میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دے گا، کراچی سے راولپنڈی تک سفر کا دورانیہ صرف 10گھنٹے رہ جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبہ ملک کی مجموعی پیداوار بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوگا، منصوبے سے بذریعہ ٹرین رابطہ چین، وسط ایشیا اور ایران سے ہو جائے گا۔ وزیرریلوے کا مزید کہنا تھا کہ مین لائن منصوبہ آئندہ 5سال میں مکمل ہوگا، وزیراعظم عمران خان ذاتی طور پر اس اہم منصوبے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ 22 اکتوبر کو ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مین لائن ون منصوبے کے تحت ایک لاکھ ملازمتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ادارے نے ایک سال میں سولہ مال گاڑیاں چلائیں اور سترہ لاکھ گیلن تیل کی بچت کی ہے۔