'سفارتکاروں اور میڈیا نے بھارتی آرمی چیف کے دعوے کی حقیقت دیکھ لی'

راولپنڈی: (کوہ نور نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا بھارت دیکھ لے گا مقبوضہ کشمیر والوں کے دلوں میں پاکستان کیسے بستا ہے، پاکستان کا بھارت کو چیلنج ہے وہ بھی ایل او سی پر سفارتکاروں اور میڈیا کو لے کر جائے، بھارت اپنا دعویٰ ثابت کرنے کیلئے اپنی مرضی کے سفارتکار اور میڈیا پاکستان سے لے۔ میجر جنرل آصف غفور نے غیر ملکی سفیروں کو لائن آف کنٹرول پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا پاکستان کوئی چیز چھپا نہیں رہا، آپ جہاں جانا چاہتے ہیں ہم خوش آمدید کہیں گے، کیا بھارت بین الاقوامی میڈیا کو اس طرح اجازت دے گا۔ ڈی جی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا بھارتی فوج نے 2018 میں 3038 بار سیز فائر کی خلاف ورزیاں کیں، بھارتی فوج کی گزشتہ برس اشتعال انگیزیوں میں 58 شہری شہید ہوئے، 2018 میں سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں سے 319 شہری زخمی ہوئے۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا بھارت نے رواں برس 2608 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی، بھارتی فوج کی رواں برس سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں میں 44 شہری شہید ہوئے، رواں برس اب تک بھارتی اشتعال انگیزیوں کے واقعات میں 230 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ قبل ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سفارتکاروں کو ایل او سی پر جانے کی جرات نہیں ہوئی، بھارتی ہائی کمیشن اپنے آرمی چیف کے دعوے پر کھڑا نہ رہ سکا، غیر ملکی سفارتکار، میڈیا گروپ ایل او سی پر سچ سامنے لائیں گے۔