شاہی مہمان شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) شاہی مہمان شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، ایوان صدر پہنچنے پر صدر مملکت عارف علوی نے جبکہ وزیر اعظم ہاؤس آمد پر عمران خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ ایوان صدر پہنچنے پر شاہی جوڑے کا استقبال صدر عارف علوی نے کیا، صدر عارف علوی اور شہزادہ ولیم کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی، ملاقات میں باہمی امور کی دلچسپی پر بات چیت ہوئی، شہزادی کیٹ مڈلٹن اور صدر مملکت کی اہلیہ کے درمیان بھی بات چیت ہوئی۔ مختصر ملاقات کے بعد معزز مہمان وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں شہزادی کیٹ مڈلٹن مسکراتی ہوئیں گاڑی سے اتریں اور وزیر اعظم عمران خان سے ہاتھ ملایا، شہزادہ ولیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سفید شلوار قمیض اور سیاہ ویس کوٹ میں ملبوس وزیر اعظم عمران خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شاہی مہمانوں کے چہرے خوشی سے تمتما رہے تھے۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا جس میں معاون خصوصی زلفی بخاری، فردوس عاشق اعوان ثانیہ نشتر، شیریں مزاری، شفقت محمود کے علاوہ برطانوی ہائی کمیشن کے افسران، اعلی سول اور فوجی افسران بھی شریک ہوئے۔ قبل ازیں برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن نے گرلز ہائی سکول اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں شاہی جوڑے نے سکول کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن گرلز ہائی سکول اسلام آباد کے دورے کے موقع پر سکول میں بچیوں میں گھل مل گئے، شاہی جوڑے نے سکول میں ریاضی کی کلاس کا معائنہ کیا، شہزادہ ولیم اور اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے سکول کے مختلف حصے دیکھے۔ سکول انتظامیہ نے شاہی جوڑے کو سکول سے متعلق بریفنگ بھی دی، شاہی جوڑے کو پاکستان میں نظام تعلیم سے متعلق بریف کیا گیا، شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ 2006 کے بعد برطانوی شاہی خاندان کے کسی بھی فرد کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن کے ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا بھاری بھرکم سکیورٹی ٹیم کے ہمراہ پاکستان پہنچا، برطانوی شاہی جوڑے کیلئے 40 سے زائد ڈاکٹر، پیرا میڈکس اور طبی عملہ بھی سکیورٹی ٹیم کا حصہ ہے۔ شاہی جوڑے کے ہمراہ ان کے محافظ اور 40 سے زائد صحافی بھی پاکستان آئے ہیں۔ برطانوی شاہی جوڑا کل (16 اکتوبر) چترال جائے گا جہاں وہ مقامی افراد سے بھی ملے گا اور شمالی علاقہ جات کے پرفضا مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔ برطانوی شاہی مہمان صوبہ خیبر پختونخوامیں درہ خیبر، قلعے کا دورہ بھی کریں گے۔ شاہی جوڑا 17 اکتوبر کو لاہور میں ایس او ایس ویلیج، ایچی سن کالج جائے گا۔ شہزادہ اور شہزادی شوکت خانم ہسپتال بھی جائینگے۔ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر تاحال بادشاہی مسجد، مینار پاکستان کا دورہ حتمی نہیں۔ شہزادہ ولیم اور اہلیہ 18 اکتوبر کو فیصل مسجد جائیں گے، اسی روز دوپہر ڈیڑھ بجے نور خان ایئر بیس سے وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔ یاد رہے اس سے قبل پرنس ولیم کی والدہ شہزادی ڈیانا نے 1996 میں پاکستان کا ایک دورہ کیا تھا جبکہ 2006 میں پرنس ولیم کے والد پرنس چارلس اور ان کی اہلیہ کامیلا نے پاکستان کا دورہ کیا۔ اس کے علاوہ برطانوی ملکہ الزبتھ بھی 1961 اور 1997 میں پاکستان کے سرکاری دورے کر چکی ہیں۔ ادھر پاکستانی مصورہ رابعہ ذاکر نے برطانوی پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی کا پورٹریٹ تیار کرلیا، جو شاہی مہمانوں کو دیں گی۔ مصورہ رابعہ ذاکر نے دو ہفتوں کی مسلسل محنت سے شہزادے اور شہزادی کی تصویر کینونس پر اتار کر حقیقت کا رنگ بھر دیا، پورٹریٹ میں رائل چہروں کو بنانے کیلئے مصورہ کو یورپی آرٹسٹ سے مشاورت کرنا پڑی۔