سٹاک مارکیٹ میں کاروباری دوسرے روز بھی 102 پوائنٹس کی مندی

کراچی: (کوہ نور نیوز) تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز بھی پاکستان سٹاک مارکیٹ مندی سے نہ نکل سکی، پہلے روز 100 انڈیکس 289 پوائنٹس گر گیا تھا جس کے بعد 34200، 34300 اور 34400 کی نفسیاتی حدیں بھی گر گئیں تھیں، اسی کا تسلسل آج بھی دیکھنے میں آیا، مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے ہی انویسٹرز دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرا رہے اور مزید سرمایہ لگانے سے گریزاں رہے۔ آج کاروباری روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی کے باعث 34100 کی نفسیاتی حد گر گئی، پورے کاروباری روز کاروبار میں 0.3 فیصد تنزلی دیکھی گئی۔ ایک موقع پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 34000 کی حد بھی گر گئی تھی اور انڈیکس 33929.19 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا، تاہم اس دوران تیزی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس دوبارہ 34259.23 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا اور انڈیکس 102.73 پوائنٹس کی کمی کے بعد 34083.53 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔