ہمپشائر ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ: پاکستانی اتھلیٹ رابعہ شہزاد نے گولڈ میڈل جیت لیا

لاہور: (کوہ نور نیوز) پاکستانی 21 سالہ خاتون ویٹ لفٹر رابعہ شہزاد نے ہمپشائر ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 49 کلو گرام کیٹگری میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ اس مقابلے میں سنکلئیر پوائنٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے فاتح کا اعلان کیا گیا جو اتھلیٹ کے اپنے اور جو وزن مقابلے کے دوران اس نے اٹھایا ہو، کو مجموعی طور پر شمار کر کے نتائج اخذ کئے جاتے ہیں۔ رابعہ شہزاد نے گولڈ میڈل کا یہ اعزاز محض کانسی کا تمغہ جیتنے کے اگلے روز ہی حاصل کیا جو انہوں نے کارڈیف میں ہونے والے ویلش اوپن چمپئن شپ میں جیتا تھا، رابعہ نے کارڈیف میں پوزیشن حاصل کرنے کے اگلے روز بعد ہی سفر شروع کر دیا اور ہمپشائر ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ میں حصہ لینے پہنچ گئیں جہاں 8 ویٹ لفٹرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 144٫8 سنکلئیر پوائنٹس حاصل کرنے پر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔