روئی کے نرخوں میں فی من 300 روپے اضافہ

کراچی: (کوہ نور نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں کپاس کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان، دو روز کے دوران روئی کی قیمت 300 روپے اضافے سے رواں سیزن کی بلند ترین سطح 9200 روپے فی من تک پہنچ گئی۔ چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق کے مطابق امریکہ اور چین کے درمیان کافی عرصے سے ایک بڑی اقتصادی جنگ جاری تھی جس کے باعث امریکہ نے چینی درآمدات پر بھاری ڈیوٹیز اور چین نے امرکی درآمدات پر بھی بھاری ڈیوٹیز کے نفاذ کے ساتھ ساتھ امریکی زرعی مصنوعات کی درآمدات پر مکمل پابندیاں عائد کر رکھی تھیں جس کے باعث امریکہ سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں پر کافی عرصہ سے مندی کا غیر معمولی رجحان تھا۔ امریکہ کا چین پر250 ارب ڈالر کی درآمدی ڈیوٹیزواپس لینے کا اعلان اور چین کی جانب سے امریکہ سے 50 ارب ڈالر تک کی زرعی مصنوعات خریدنے کے فیصلہ سے پاکستان میں آئندہ کچھ عرصے کے دوران روئی کی قیمتوں میں کافی اضافہ متوقع ہے۔