ایک ہفتے کے دوران سٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس 4.4 فیصد بڑھ گیا

کراچی: (کوہ نور نیوز) ایک ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے باعث انڈیکس 4 اعشاریہ 4 فیصد بڑھ گیا۔ ایف اے ٹی ایف سے متعلق اچھی خبر کی اُمید کے باعث سرمایا کاروں نے بڑھ چڑھ کر حصص کی خریداری کی۔ یہی وجہ ہے کہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر 1442 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور مارکیٹ 34 ہزار 475 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی، پورے ہفتے شیئرز کی مالیت میں کُل 218 ارب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ اس عرصے میں بیرونی سرمایا کاروں نے 41 لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز فروخت کیے۔ دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران امریکی کرنسی کی طلب میں کمی ریکارڈ کی گئی، انٹر بینک میں ڈالر 47 پیسے کمی کے بعد 156 روپے 6 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 30 پیسے کمی کے بعد 156 روپے 30 پیسے پر فروخت ہوا۔