شہباز شریف نے ہتک عزت کا دعویٰ نہیں کیا، میں انتظار کر رہا ہوں: شہزاد اکبر

لاہور: (کوہ نور نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے انہیں عدالت لے جانے کا وعدہ لگتا ہے کہ آصف زرداری کو گھسیٹنے والے دعویٰ کی طرح ہی نکلا۔ معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا ٹویٹ میں کہنا تھا کہ وہ انتظار میں ہیں، کب شہباز شریف انہیں عدالتوں میں گھسیٹتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا شہباز شریف ان پر کیس کرنے کی جرات نہیں کر سکتے۔ کئی مہینے گزر گئے، ان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہ ہونا سٹوری کی تصدیق ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے معاون خصوصی شہزاد اکبر کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ایسٹ ریکوری یونٹ نے ایک سال میں کتنے بیرونِ ملک دورے کئے اور لوٹی ہوئی کتنی دولت واپس لائے؟ اس کا جواب دیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیب شہزاد اکبر کے خلاف ریفرنس بنائے۔ ڈیلی میل والے شہزاد اکبر کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ جھوٹی خبر چھپوانے کے بعد شہزاد اکبر لاپتا ہو گئے تھے۔ وہ سرکاری خرچ پر جھوٹے کاغذ لہرانے کے الزامات لگانے کا جواب دیں۔