دفتر خارجہ نے وزیراعظم کے دورہ چین کا شیڈول جاری کردیا

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان 8 سے 9 اکتوبر کو چین کا دورہ کریں گے۔ دورے کے بارے میں شیڈول بتاتے ہوئے دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان چینی ہم منصب کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، ان کے ساتھ اعلیٰ سطح وفد بھی چین جائے گا۔ عمران خان چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ پاک چین وزرائے اعظم دونوں ملکوں کے درمیان متعدد معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کریں گے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان کی چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتوں میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی شریک ہوں گے۔ وزیراعظم کا دورہ پاک چین معاشی اور تجارتی تعلقات مزید مضبوط کرے گا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم جنوبی ایشیا میں امن وسلامتی پر خیالات کا اظہار کریں گے۔ وزیراعظم چینی قیادت کو سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد میں تیزی سے متعلق آگاہ کریں گے جبکہ میزبان ملک کے کاروباری اور کارپوریٹ سیکٹر کے نمائندے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم بیجنگ انٹرنیشنل ہارٹی کلچر ایکسپو کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔