پہلا ٹی ٹوئنٹی: حسنین کی ہیٹ ٹرک، سری لنکا کا پاکستان کو 166 رنز کا ہدف

لاہور: (کوہ نور نیوز) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جہاں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 166 رنز کا ہدف دیا ہے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ فہیم اشرف کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔ سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے اوپنر دنوشکا گوناتھلاکا 57 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 3 اور شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ محمد حسنین نے 16 ویں اوور کی آخری گیند پر بھانوکا راجاپاکسا کو آؤٹ کیا اور اس کے بعد 19 ویں اوور کی پہلی دو گیندوں پر ڈاسن شناکا اور شیہان جے سوریا کو پویلین کو راہ دکھائی۔ وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر ترین بولر بن گئے ہیں۔ گرین شرٹس اب بھی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون ہیں، دوسری ٹیم سری لنکا کی ہے جس نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل تو ضرور جیتا ہے لیکن اس وقت اس کی رینکنگ نمبر 8 ہے۔ اس سے قبل تین ون ڈے میچز کی سیریز کراچی میں کھیلی گئی جو پاکستان نے 0-2 سے اپنے نام کی جبکہ پہلا ون ڈے بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔