ایف بی آر نے 104 بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کر لی

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) ایف بی آر کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ادارے نے ملک گیر بے نامی جائیدادوں کے متعلقہ معلومات اکٹھا کیں، ایف بی آر نے اینٹی بے نامی زونز تشکیل دیے ہیں، صوبائی ریوینیو اتھارٹیز، صوبائی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز اور اسلام آباد انتظامیہ کی مدد سے معلومات اکٹھا کر رہی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ان اداروں کے متعلقہ افسران کو بے نامی قوانین کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی ہے۔ ایف بی آر کا اینٹی بے نامی ڈائریکٹوریٹ فی الوقت 104 بے نامی جائیدادوں کے 79 مالکان کی نشاندہی کر چکا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق بے نامی جائیدادیں کراچی میں 58، لاہور میں 18 اور اسلام آباد میں 28 واقع ہیں، ان جائیدادوں کے خریدار اور فروخت کنندہ کو نوٹسز جاری کئے جا چکے ہیں۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ 4 ارب روپے کی مالیت کی جائیدادیں بشمول بینک اکاؤنٹس شئیرز اور زمین کے 15 کیسز پہلے ہی ضبط کئے جا چکے ہیں، ان 15 کیسز میں سے ایک کیس میں سات ہزار ایک سو 28 کنال زمین جس کی مالیت 70 کروڑ روپے ہے ضبط کر لیا گیا ہے۔